فرانس کا یوکرین کو مزید ٹینک اور دیگر سامان دینے کا وعدہ

فرانس نے روس سے لڑائی کے لیے یوکرین کو مزید ٹینک اور دیگر سامان دینے کا وعدہ کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی اتوار کے روز فرانسیسی صدر میکرون سے ملاقات کے لیے پیرس پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فرانس نے وعدہ کیا کہ وہ یوکرین کو روس سے لڑائی کے لیے مزید ٹینکس، آرمر گاڑیاں اور اس کے فوجیوں کو ضروری تربیت فراہم کرے گا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ آئندہ ہفتوں میں فرانس یوکرین کی بٹالینز کو ٹریننگ اور اسے اے ایم ایکس 10 آر سی ٹینکوں سمیت آرمر گاڑیاں بھی فراہم کرے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پیرس یوکرین کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاملات پر بھی توجہ دے گا۔

اس کے علاوہ مشترکہ بیان میں فرانس نے روس پرمزید پابندیوں کا بھی عندیہ دیا۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہےکہ یوکرین اور فرانس اس بات پر متفق ہیں کہ دونوں ممالک روس کی غیر قانونی جنگ کے خلاف اس پر مزید دباؤ بڑھائیں گے۔