گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جیل میں طبیعت بگڑ گئی

بھارت کے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا منصوبہ بنانے کے الزام اور سلمان خان کو مسلسل قتل کرنے کی دھمکیاں دینے والے گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جیل میں طبیعت بگڑ گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لارنس بشنوئی کی بھٹنڈا جیل میں طبیعت ناساز ہوگئی جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

بشنوئی کے وکیل کے مطابق ملزم کو پچھلے کچھ دنوں سے تیز بخار ہے اور پیٹ میں انفیکشن ہے۔

وکیل کا کہنا ہے کہ بشنوئی نے یرقان کی شکایت بھی کی جس کے بعد اس کی طبیعت مزید بگڑ گئی۔

واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے قتل کیا، اس واقعے میں سدھو کی گاڑی پر 30 گولیاں برسائی گئیں جس کے نتیجے میں سدھو موقع پر ہلاک ہوگئے جب کہ ان کی گاڑی میں موجود دو افراد شدید زخمی ہوئے۔

بعد ازاں گینگسٹر لارنس بشنوئی نے اعتراف کیا تھا کہ سدھو موسے والا کا قتل اس کے گینگ نے کیا ہے۔

لارنس بشنوئی کو سلمان خان سے کیا مسئلہ ہے؟

اطلاعات کے مطابق گزشتہ سال 10 جولائی کو لارنس بشنوئی نے دھمکی دی تھی کہ وہ اور اس کی برادری نایاب کالے ہرن کے شکار پر سلمان خان کو کبھی معاف نہیں کریں گے، وہ صرف ایک صورت میں سلمان خان کو معاف کرسکتا ہے اور وہ یہ کہ سلمان خان سر عام اپنے اس عمل پر معافی مانگیں۔

لارنس بشنوئی کے مطابق اس کی برادری کالے ہرن کو اپنے مذہبی گرو بھگوان جمبیشور (جمبا جی) کا اوتار سمجھتی ہے لہٰذا عدالت سے اس کیس میں سزا یا بریت سلمان خان کیلئے حتمی فیصلہ نہیں ہوگی، اگر سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان جمبا جی مندر میں جاکر سر عام معافی مانگ لیں تو وہ اپنا ارادہ بدل سکتا ہے، ورنہ بشنوئی برادری انہیں قتل کردے گی۔