عام انتخابات: تقریباً تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما کسی نہ کسی سیٹ سے ہار گئے

عام انتخابات میں تقریباً تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما کسی نہ کسی سیٹ سے ہار گئے ہیں جبکہ بہت سے سابق وزرائے اعلیٰ کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف مانسہرہ کے حلقے این اے 15 سے جبکہ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو لاہور کے حلقے این اے 127 سے ہار گئے۔

گزشتہ روز سیاست سے علیحدگی کا اعلان کرنے والے استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین لودھراں سے ہار گئے ہیں۔

اپنے بیان میں انکا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے استحکام پاکستان پارٹی کے اراکین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن ڈی آئی خان اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان چار سدہ سے سیٹ نہیں جیت سکے۔

پی ٹی آئی پارلمینٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک نوشہرہ جبکہ اپر دیر سے جماعت اسلامی کے سابق امیر سراج الحق بھی ہار گئے تھے۔

گزشتہ روز انتخابات میں ناکامی پر سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

سراج الحق نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کوشش اور محنت کے باوجود انتخابات میں مطلوبہ کامیابی نہیں دلا سکا، انتخابات میں ناکامی کو قبول کرتے ہوئے بطور امیر جماعت اسلامی استعفیٰ دیتا ہوں۔

پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کوئٹہ سے اور تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی اٹک سے جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل گروپ کے سربراہ سردار اختر مینگل مستونگ سے الیکشن ہار گئے ہیں۔

انتخابات میں کئی سابق وزرائے اعلیٰ بھی الیکشن ہار گئے۔

سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 81 میھڑ اور قومی اسمبلی کے حلقے این اے 227 حلقے پر جی ڈی اے کے امیدوار سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی الیکشن ہار گئے ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ سندھ غوث علی شاہ خیر پور جبکہ تھر سے غلام ارباب رحیم بھی انتخابات نہیں جیت سکے۔

خبیرپختونخوا میں مردان سے امیر حیدر ہوتی بھی الیکشن ہار گئے ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی سینئر نائب صدر حیدر خان ہوتی نے عام انتخابات میں پارٹی کی ناکامی کے بعد پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایبٹ آباد سے مہتاب عباسی، نوشہرہ سے سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور سوات سے محمود خان جبکہ آفتاب خان شیر پاؤ چارسدہ سے الیکشن ہار گئے ہیں۔

بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ جام کمال، اختر مینگل مستونگ سے اور بلوچستان سے عبد المالک بھی الیکشن ہار گئے ہیں۔