بلے سے متعلق پی ٹی آئی کیخلاف فیصلہ آیا تو عدالت جائیں گے: گوہر خان

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بلے سے متعلق تحریک انصاف کے خلاف کوئی فیصلہ دیا تو عدالت سے رجوع کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے باہر بیرسٹر علی ظفر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک کی مقبول ترین جماعت کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی کوشش کی تو یہ جمہوریت کے خلاف سازش ہو گی۔

گوہر خان کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندرونی معاملات سے اکبر ایس بابر کا کوئی تعلق نہیں، وہ پلانٹڈ آدمی ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کہا کہ 20 دن میں انٹرا پارٹی الیکشن کرائے جائیں، ہم نے کرا دیے۔

انہوں نے کہا کہ سب کچھ قانون کے مطابق کیا گیا اس کے باوجود الیکشن کمیشن نے 40 سوالوں کے جواب مانگے ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن دوبارہ کرانے سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔