گولڈ میڈل جتوانے والے جیویلن کھلاڑی ارشد ندیم کی ملکیت میں بڑا اضافہ

پاکستان کو بین الاقوامی کھیل کے مقابلوں، پیرن اولمپکس 2024 میں 40 برسوں بعد گولڈ میڈل جتوانے والے جیویلن کھلاڑی ارشد ندیم کی ملکیت میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ارشد ندیم سے متعلق جہاں پاکستانی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں اپنے قومی ہیرو سے متعلق ہر چھوٹی بڑی معلومات جاننا چاہتے ہیں وہیں بھارت بھی ارشد ندیم اور اپنے جیویلن کھلاڑی، چاندی کا میڈل جیتنے والے نیرج چوپڑا کے درمیان موازنہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ناصرف پاکستانی میڈیا سائٹس بلکہ بھارت میں بھی ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کی کُل مالیت میں اضافے پر بات کی جا رہی ہے۔

ان دونوں کھلاڑیوں کو ملنے والے تحائف اور 9 اگست کے بعد ان کی مالیت میں ہونے والے بڑے اضافے کا موازنہ کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کے سرفہرست دو جیولن پھینکنے والوں کا تعلق جنوبی ایشیا سے ہے۔

’جی کیو انڈیا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق نیرج چوپڑا کی کُل مالیت 4.5 ملین ڈالر (تقریباً 37 کروڑ روپے) ہے۔

متعدد میڈیا کا کہنا ہے کہ نیرج چوپڑا کی نیٹ ورتھ 9 اگست (جیویلن میں سلور میڈل جیتنے) سے قبل واضح طور پر کم تھی۔

دوسری جانب ارشد ندیم کی دولت پیرس اولمپکس 2024 سے قبل بہت کم تھی۔

چند میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ارشد ندیم 9 گست سے قبل 80 لاکھ اور سوزوکی گاڑی کے مالک تھے۔

حال ہی میں ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے کے بعد بھاری بھرکم تحائف و رقوم سے نوازا گیا ہے جس کے بعد قومی کھلاڑی کی نیٹ ورتھ 47 کروڑ کیش، 7 اپارٹمنٹس اور 9 لگژری گاڑیوں پر مبنی ہے۔

واضح رہے کہ گولڈ میڈل جیتنے کے بعد، ارشد کی مجموعی مالیت میں ہوشربا اضافہ ضرور ہوا ہے مگر تاحال اُن کی نیٹ ورتھ سے متعلق کوئی ٹھوس اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔

پاکستان کے ایک نجی اخبار کے مطابق اولمپکس 2024ء کے بعد ارشد ندیم کو 153 ملین پاکستانی روپے نقد انعامات میں ملے ہیں۔

یاد رہے کہ ارشد ندیم کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیر اعظم شہباز شریف، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، پاکستان کے مشہور گلوکار علی ظفر اور کرکٹر احمد شہزاد کی جانب سے بطور تحفہ بھاری رقم مل چکی ہے۔