حکومت کا تحریک انصاف دور کے ٹین بلین ٹری پروگرام کو جاری رکھنے کا فیصلہ

آئندہ وفاقی بجٹ میں حکومت نے تحریک انصاف دور کے ٹین بلین ٹری پروگرام کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گرین پاکستان پروگرام کے بجٹ میں 300 فیصد سے زیادہ کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے، گرین پاکستان پروگرام کے لیے 15 ارب 62 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام پی ٹی آئی دور میں ٹین بلین ٹری سونامی کے نام سے شروع کیا گیا تھا۔

رواں مالی سال گرین پاکستان پروگرام کے لیے 3 ارب 90 کروڑ روپے رکھے گئے تھے اور اب تک گرین پاکستان پروگرام پر 29 ارب 56 کروڑ روپے کے اخراجات ہوچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایکنک نے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کی منظوری 2019ء میں دی تھی، ایکنک نے یہ منصوبہ 125 ارب 18 کروڑ 43 لاکھ روپے کی لاگت سے منظور کیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم کی گزشتہ حکومت میں منصوبے کا نام گرین پاکستان پروگرام رکھ دیا گیا تھا۔