حکومت کا ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اختیارات میں کمی کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے اختیارات میں کمی کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی نے ترمیم کی منظوری دے دی جس کے بعد ایچ ای سی کےچیئرمین سے وفاقی وزیر کا درجہ واپس لیا جائے گا۔

ترمیم کے مطابق ایچ ای اسی کے قوانین کی منظوری وزارت تعلیم دے گی اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کی تعیناتی حکومت کرے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم آفس نے ترامیم کے بل کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم آفس کی منظوری کے بعد ترامیم کو کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ، نئی تحقیق کے لیے کتنا؟

خیال رہے کہ ہائر ایجوکیشن اور اس سطح پر ہونے والی معیاری تحقیق کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے۔ تاہم پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کو ریگولیٹ کرنے والا ادارہ فی الوقت فنڈز کی شدید کمی کا شکار ہے۔

ڈوئچے ویلے نے پاکستانی جامعات کے وائس چانسلرز، محققین اور ماہرین تعلیم سے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ نئی تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں کتنا معاون ثابت ہو رہا ہے۔

کہا جارہا ہے کہ امسال ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں نصف تخفیف کر دی جائے گی۔ پچھلے برس ایچ ای سی کو 65.25 ملین بجٹ جاری کیا گیا تھا، جسے گھٹا کر 30 ملین کرنے کی خبریں گردش میں ہیں۔

اس حوالے سے وزیر اعظم اور دیگر حکومتی عہدیداروں کی جانب سے تردید کی گئی تھی کہ نئی حکومت تمام طلباء وطالبات کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم کا اجرا کرنے والی ہے لہذا ایچ ای سی بجٹ میں پچھلے سال کی نسبت اضافہ متوقع ہے۔

ڈوئچے ویلے نے ماہرین تعلیم، محققین اور یونیورسٹی چانسلرز سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ ایچ ای سی کا بجٹ جامعات میں تعلیمی عمل اور تحقیق پر کس طرح اثر انداز ہوتا ہے۔