گورنر راج ناممکنات میں نہیں ،غیر آئینی بھی نہیں البتہ انتہائی قدم ہے:بلیغ الرحمان

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا ہےکہ امن وامان کی صورت حال اور حالات ہاتھ سے نکلنے پرگورنر راج کی آئین میں جگہ موجود ہے۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے صوبے میں گورنر راج کا امکان مسترد نہیں کیا۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ گورنر راج ناممکنات میں نہیں ،غیر آئینی بھی نہیں البتہ انتہائی قدم ہے ، صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ امن وامان کی صورت حال اور حالات ہاتھ سے نکلنے پرگورنرراج کی آئین میں جگہ موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چند دن پہلےگورنر ہاؤس پرحملہ کیا گیا،گیٹ کو آگ لگائی گئی، چند لوگوں نےگورنر ہاؤس کے اندرگھنسےکی کوشش کی، جس طرح امن و امان کو ہاتھ میں لیا جا رہا ہے یہ کوئی اچھی بات نہیں ہے۔

دوسری جانب گورنرہاؤس کی سکیورٹی کے لیے رینجرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، یہ فیصلہ 4 نومبرکو پی ٹی آئی کے احتجاج کےدوران گورنرہاؤس کے دروازے کو آگ لگانے کے باعث کیا گیا۔