گپی گریوال کااپنی نئی فلم کی شوٹنگ کیلئے پاکستان آنے کا اعلان

بھارتی پنجابی فلموں کے پروڈیوسر اداکار اور گلوکار گپی گریوال جلد اپنی نئی فلم کی شوٹنگ کیلئے پاکستان آئیں گے۔

پنجابی فلموں کے مشہور اداکار گپی گریوال نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی نئی فلم “جنے لہور نئیں ویکھیا” کی شوٹنگ لاہور میں کریں گے۔

گپی گریول نے ایک ٹی وی شو میں ویڈیو لنک پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ جلد اپنی فلم کی شوٹنگ کیلئے پاکستان آنے والے ہیں۔

میزبان نے گپی گریوال سے سوال کیا کہ” کیا وہ پاکستانی فلموں میں کام کرنا چاہتے ہیں؟” جس پر پھارتی اداکار نے پاکستان میں نئی فلم کی شوٹنگ کا اعلان کیا تاہم اس فلم کے حوالے سے دیگر تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

یاد رہے کہ افتخار ٹھاکر اور صفدر ملک پہلے ہی میڈیا کہ سامنے اعلان کرچکے ہیں کہ ان کی فلم “جنے لہور نئیں ویکھیا”میں تین بھارتی ٹاپ سٹارز کام کررہے ہیں,اس فلم کو افتخار ٹھاکر،گپی گریوال اور صفدر ملک پروڈیوس کررہے ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ فلم کی کاسٹ میں سونم باجوہ بھی شامل ہیں,اس فلم کی زیادہ تر شوٹنگ لاہور اور ننکانہ صاحب میں ہوگی۔

واضح رہے کہ گپی گریوال نے اپنی اداکاری کا آغاز 2010 میں پنجابی فلم “میل کرادے ربا” سے کیا تھا جو کامیاب ہوئی اس کے بعد اداکار نے کئی پنجابی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں “کیری آن جٹا”، “جٹ جیمز بانڈ”، “لکی دی ان لکی سٹوری” شامل ہیں۔