نواز شریف کی جگہ کوئی اور وزیراعظم ہوتا تو وہ ایٹمی دھماکے نہ کرتا، بالٹی میں منہ چھپا لیتا:مریم نواز

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہناہے کہ ن لیگ کی ساری قیادت کو بھی جیلوں میں ڈالا گیا تھا مگر کسی نے نواز شریف کو نہیں چھوڑا،گیدڑ کو دیکھو خود پرمشکل وقت آیا تو امریکا کے پاؤں پکڑ لیے۔

لاہور لبرٹی چوک میں مسلم لیگ ن کی یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کو سلام جس نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔تاریخ گواہ ہے کہ نوازشریف نے ایک لمحہ کی تاخیر کیے بغیر چاغی میں ایٹمی دھماکے کیے ۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے بین الاقوامی پابندیوں کی پروا نہ کرتے ہوئے پاکستان کا جھنڈا نیچے جھکنے نہیں دیا اور معیشت و قوم کو سنبھالا، نوازشریف نے ایٹمی دھماکے ہی نہیں کیے بلکہ ملک کو ترقی کی راہ پر بھی گامزن کیا۔75سالہ تاریخ میں ن لیگ کے منصوبے نکال دو تو کھنڈرات ہی بچتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام ملک بنانے والے کو یاد رکھتے ہیں ، ملک میں آگ لگانے والے کو یاد نہیں کرتے ،اگر 1998 میں نواز شریف کی جگہ کوئی اور وزیراعظم ہوتا تو وہ ایٹمی دھماکے نہ کرتا، بالٹی میں منہ چھپا لیتا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ قیادت کا فرق دیکھنا ہو تو 28 مئی 1998 دیکھو اور دوسری طرف 9 مئی 2023 دیکھو، 9 مئی کو ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا۔

یوم تکبیر تقریب میں مسلم لیگ قائد نواز شریف کا ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا تھا۔