پاکستان کی معروف اداکارہ و ماڈل ہانیہ عامر کو دورِ حاضر کی مصروف ترین سرِفہرست اداکارہ کہا جائے تو یہ غلط نہ ہو گا۔
ہانیہ عامر کو ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی یکساں شہرت حاصل ہے، ان کے ڈرامے نشر ہوتے ہی دونوں ممالک میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچ جاتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ ہانیہ عامر اب ناصرف ڈراموں اور فلموں بلکہ کمرشلز اور فیشن فوٹو شوٹس میں زیادہ نظر آتی ہیں، اداکارہ کو انٹرویوز میں کم ہی دیکھا جاتا ہے۔
ہانیہ عامر کی جانب سے انٹرویو کے لیے وصول کیے جانے والے معاوضے سے متعلق حال ہی میں انکشاف ہوا ہے۔
معروف میزبان و پوڈ کاسٹر عدنان فیصل نے متھیرا کے شو میں بطور مہمان شرکت کے دوران انکشاف کیا ہے کہ میں نے ہانیہ عامر کو پوڈکاسٹ میں انٹرویو کے لیے دعوت دی تھی۔
عدنان فیصل کے مطابق ہانیہ عامر نے انٹرویو کے معاوضے کے لیے 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔
عدنان فیصل نے دورانِ انٹرویو دعویٰ کیا کہ میں نے آج تک کم از کم 400 سے 500 پوڈکاسٹ ریکارڈ کی ہیں، جن کے لیے میں نے آج تک کسی فنکار کو کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے ہانیہ عامر کے مطالبے پر سوچا کہ جب میں نے آج تک کسی فنکار کو معاوضہ نہیں دیا تو ہانیہ عامر کو کیوں دوں؟ ہماری انڈسٹری میں سب فنکار برابر ہیں، کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہے۔