ہاردک پانڈیا سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے

چیمپئنز ٹرافی2025ء کے سب سے اہم میچ میں پاکستان کو حریف ملک بھارت کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا رہا۔

پاک بھارت ٹاکرے کے دوران پاکستانی اننگز کی اوپنگ بیٹس مینز کی پارٹنر شپ توڑنے والے ہاردک پانڈیا سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث بھارتی کھلاڑی کی شاندار پرفارمنس کے حوالے سے نہیں بلکہ ان کی مہنگی گھڑی کے حوالے سے ہو رہی ہے، جو انہوں نے میچ کے دوران پہن رکھی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گھڑیوں کے شوقین بھارتی فاسٹ بولر نے پاک بھارت میچ کے دوران سوئس کمپنی رچرڈ ملے کی مہنگی گھڑی پہن رکھی تھی، جو اپنے گھڑیوں کے مہنگے ترین اور خاص ڈیزائنز کے لیے دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہاردک پانڈیا کی پہنی گئی گھڑی نایاب ہے جس کے صرف 50 سیٹ ہی بنائے گئے ہیں۔

اس گھڑی کی قیمت تقریباً 8 لاکھ ڈالرز (یعنی 22 کروڑ 25 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔