ہیری، میگھن کی بائیڈن کے طیارے میں سفر کی خواہش مسترد ہونے کا انکشاف

برطانیہ کے شہزادہ ہیری اور انکی اہلیہ میگھن مارکل کو اس وقت خفت اٹھانا پڑی جب صدر بائیڈن کے خصوصی طیارے میں برطانیہ سے امریکا جانے کی ان کی خواہش کو یکسر نظر انداز کردیا گیا۔

برطانوی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل آنجہانی ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد ایئر فورس ون میں صدر بائیڈن کے ساتھ بیٹھ کر امریکا واپس آنا چاہتے تھے مگر معاملہ سیاسی نوعیت اختیار کیے جانے کا امکان تھا اور اس لیے وائٹ ہاؤس نے شہزادے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

امریکا کی خاتون اول جل بائیڈن نے انہی تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے برطانیہ میں ہوئے انویکٹس گیمز میں بھی شرکت کی دعوت بھی قبول نہیں کی تھی۔

ایئرفورس ون میں واپسی اور انویکٹس گیمز میں خاتون اول کو دعوت کا مقصد ہی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کی جانب سے اپنا سیاسی قد کاٹھ بڑھانے کی کوشش تھا۔

میگھن مارکل یہ کوشش بھی کرتی رہی تھیں کہ وہ کسی نہ کسی طرح بائیڈن فیملی سے اپنے تعلقات بنائیں مگر اس میں بھی انہیں منہ کی کھانا پڑی۔

رپورٹ کےمطابق جل بائیڈن اس بات پر بھی حیران تھیں کہ میگھن مارکل نے انہیں غیر متوقع طور پر ایک تحفہ کیوں بھیجا تھا۔