گوادر میں شدید بارشیں ، کراچی میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی

گوادر میں شدید بارشیں جاری ہیں، جبکہ کراچی میں یکم مارچ سے بادل برسنے کی پیش گوئی سامنے آئی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سردیوں کی بارش عموماً اتنی شدت کی نہیں ہوتی، کل سے ملک پر نئے سسٹم کے تحت ہیوی اسپل دکھائی دے رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گودار میں اس بار غیر معمولی بارش ہوئی ہے، یہاں ان مہینوں میں اتنی بارش پہلے کبھی نہیں ہوئی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں گزشتہ 2 دن تیز ہوا چلی، جبکہ آج اس میں کمی آ چکی ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ گوادر میں کل دوبارہ تیز بارش کا امکان ہے، جبکہ یکم مارچ سے کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازکا مزید کہنا ہے کہ جنوری اور فروری میں پہاڑوں پر پڑنے والی برف زیادہ دیر نہیں رہتی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کے پی کے کچھ علاقوں میں طوفانی بارش ہوسکتی ہے جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے بھی زائد سے گوادر، جیونی اور سر بندن سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید و طوفانی بارشوں نے تباہی مچا رکھی ہے۔