ہالی وڈ کی تاریخی ہڑتال، فلم اواتار اور گلیڈی ایٹر کے سیکوئلز متاثر ہونے کا خدشہ

ہالی وڈ رائٹرز کی تاریخی ہڑتال کے بعد اب کئی نامور اداکاروں نے بھی ہڑتال کا اعلان کیا ہے جس سے فلم اواتار اور گلیڈی ایٹر کے سیکوئلز متاثر ہونے کا امکان ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ہالی وڈ اداکار ڈینیئل جیسن سوڈیکس اور سوزن سارینڈن سمیت بڑے ستارے بھی لکھت کاروں کی ہڑتال میں شامل ہوگئے جسے ہالی وڈ کی تاریخ میں 6 دہائیو کی سب سےبڑی ہڑتال کہا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہڑتال کے دوران اداکار نہ ہی کسی فلم میں کام کریں گے اور نہ ہی کسی فلم کی پرموشن کریں گے، جس کے نتیجے میں بڑی فلم پروڈکشن اواتار اور گلیڈی ایٹر کے سیکوئلز کے ساتھ ساتھ اسٹرینجر تھنگز، فیملی گائے اور دی سمپسنز جیسے شوز کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ہوم بوکس آفس(ایچ بی او) کے لیڈ اداکار برین کاکس نے بی بی سی کو بتایا کہہ یہ ہڑتال سال کے آخر تک جاری رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹریمنگ کی تمام چیزوں کو بدل کر رکھ دیا گیا ہے، یہ( اسٹوڈیو اور اسٹریمنگ جائنٹ) ہمیں روکنا چاہتے اور مار گرانا چاہتے ہیں کیونکہ اسٹریمنگ سے بہت پیسہ بن رہا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ وہ لکھت کار اور اداکار کے ساتھ اسے نہ بانٹیں۔

واضح رہے ہالی وڈ کے لکھت کاروں کی جانب سے یہ ہڑتال مئی سے جاری ہے جس میں اداکار بھی شامل ہوگئے ہیں جنہیں تنخواہوں، کام کرنے کےحالات اور انڈسٹری کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر تحفظات ہیں۔

جمعے کے روز رائٹرز اور اداکاروں کی بڑی تعداد نے نیویارک کے شہر لاس اینجلس سمیت دیگر شہروں میں قائم اہم اسٹوڈیوز اور اسٹریمنگ سروسز کے باہر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔

اس کے علاوہ جمعے کے روز ہی وائٹ ہاؤس سے صدر جوبائیڈن کا ہڑتال سے متعلق بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لکھت کار اور اداکار جائز اجرت اور مراعات کے مستحق ہیں۔