ہاکی فیڈریشن گول کیپنگ کے شعبے میں پسند نا پسند کا کھیل کھیل رہی ہے:عمران بٹ

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر اور بین الاقوامی کوچ عمران بٹ کا کہنا ہے کہ ہاکی فیڈریشن گول کیپنگ کے شعبے میں پسند نا پسند کا کھیل کھیل رہی ہے۔

انہوں نے پی ایچ ایف انتظامیہ کی جانب سے گول کیپنگ کے شعبے میں غفلت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بظاہر فیڈریشن کے فیصلے گول کیپنگ کے شعبے کو بہتر کرتے نظر نہیں آتے۔

عمران بٹ نے ایشین چیمپئینز ٹرافی کیمپ میں گول کیپرز کو شارٹ لسٹ کرنے پر حیرانگی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ حتمی سلیکشن سے قبل صرف 3 گول کیپرز کو رکھنا سمجھ سے باہر ہے، فی الحال فیڈریشن ایک بار پھر عبداللہ اشتیاق پر انحصار کر رہی ہے، جو ان کے لئے باعث حیریت ہے۔

سابق گول کیپر نے کہا کہ وقار احمد ہر لحاظ سے بہتر چوائس ہیں لیکن فیڈریشن انہیں مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔

عمران بٹ نے مزید کہا کہ عبداللہ اشتیاق اگر اتنے اچھے گول کیپر ہیں تو انہیں میچوں میں کھلانا چاہئیے لیکن اذلان شاہ اور جنوبی افریقا میں وہ زیادہ وقت باہر بیٹھے رہے، جنوبی افریقا میں انہیں جس میچ میں کھلایا گیا، چار گول پٹر گئے۔

انہوں نے کہا کہ اکمل حسین کیساتھ بظاہر یہی لگتا ہے کہ اس بار بھی باہر بیٹھنے عبداللہ اشتیاق ایشین چیمپئینز ٹرافی میں جائیں گے۔

عمران بٹ نے مزید کہا کہ جونئیر ایشیا کپ میں علی رضا نے اچھی گول کیپنگ کی، البتہ انہیں کیمپ میں بلانا اس وقت بہت جلدی ہے۔