ہانگ کانگ :تیسرے ویمن بیس بال ایشیا کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز

ہانگ کانگ میں شروع ہونے والے تیسرے ویمن بیس بال ایشیا کپ میں پاکستان نے افتتاحی روز پہلے راؤنڈ میں میزبان ٹیم کو ہراکر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کردیا۔

ایشیا کپ بیس بال میں اپنی مدد آپ کے تحت شریک ہونے والی پاکستان بیس بال ٹیم نے اپنے گروپ کے پہلے میچ میں میزبان ہانگ کانگ کو ایک کے مقابلے میں سولہ رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان کی علینہ مسعود نے 4 جبکہ زاہدہ غنی نے تین رنز اسکور کئے جبکہ تسمینہ رباب، ارم برکت اور عائشہ اعجاز نے دو، دو رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ثناء عروج، مناہل احمد اور نجمہ ظفر نے ایک ایک رن اسکور کیا جبکہ میچ میں سعدیہ بی بی نے شاندار پچنگ کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان ویمن بیس بال ٹیم ہانگ کانگ میں جاری اس ایونٹ میں کل سری لنکا اور منگل کو انڈونیشیا سے مقابلہ کرے گی۔

پہلے راؤنڈ میں ٹاپ پر فنش کرنے والی ٹیم، ایونٹ کا اگلہ راؤنڈ کھیلے گی اور حتمی راؤنڈ کی ٹاپ تین ٹیمیں ورلڈ ویمن چیمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔