کپل شرما کامیڈی شو کی میزبانی کیلئے کتنا معاوضہ وصول کرتے ہیں؟

معروف پاکستانی کامیڈین افتخار ٹھاکر نے بھی بھارتی کامیڈین کپل شرما کی شہرت اور کامیابی کی تعریف کردی۔

افتخار ٹھاکر نےحال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے بھارتی شوبز انڈسٹری کی اخلاقیات، کامیڈین کپل شرما کی شہرت اور کامیابی کے بارے میں بھی گفتگو کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ کپل شرما بہت ملنسار شخص ہیں، وہ بہت عاجزانہ طبیعت کے مالک ہیں، جب بھی کوئی ان سے بات کرے تو اسے کبھی اندازہ نہیں ہوگا کہ وہ اتنا بڑا اسٹار ہے کیونکہ ان میں بالکل بھی تکبر نہیں ہے۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ کپل شرما کامیڈی شو کرنے کے لیے تقریباً 5 کروڑ بھارتی روپے تو لے رہے ہوں گے یا شاید اس سے بھی زیادہ لے رہے ہوں کیونکہ ان کی شہرت بہت زیادہ ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں کپل شرما کے بارے میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ’دی کپل شرما شو‘ کی ایک قسط کی میزبانی کرنے کے لیے 50 لاکھ بھارتی روپے معاوضہ لیتے ہیں۔

افتخار ٹھاکر نے بتایا کہ جو بھی کپل شرما سے بات کرے گا تو اسے ایسا محسوس ہوگا کہ وہ اس کے بچپن کے دوست ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ سب کو بہت گرم جوشی سے گلے لگاتے ہیں اور پھر آسانی سے نہیں چھوڑتے۔