پاکستان ایمبیسی تاشقند کی جانب سے گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ نوح دستگیر بٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ۔ واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے تاشقند ازبکستان میں ایشین پاور لفٹنگ میں چار مزید پڑھیں
میں ذہنی دباؤ ’مینیک ڈپریشن‘ میں مبتلا ہوں، ماہرہ خان کا انکشاف
پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کافی عرصے سے ذہنی دباؤ ’مینیک ڈپریشن‘ میں مبتلا ہیں۔
ماہرہ خان نے حال ہی میں معروف سابقہ اداکارہ، ماڈل، میزبان، فلم ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور انسانی حقوق کی کارکن فریحہ الطاف کو اُن کی پوڈ کاسٹ ’ایف وائی‘ میں انٹرویو دیا ہے۔
اس دوران اداکارہ نے خود کے ڈپریشن میں مبتلا ہونے اور ذہنی دباؤ سے جنگ لڑنے سے متعلق پہلی بار بات کی ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب ماہرہ خان نے اپنی ذہنی حالت ایک انٹرویو کے دوران شیئر کی جس سے وہ 7 سال سے لڑ رہی ہیں۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ وہ اس موضوع پر اس لیے بات نہیں کر رہیں کہ خبریں بنیں اور ہنگامہ کھڑا ہو جائے بلکہ وہ اس لیے اس موضوع پر بات کرنا چاہیں گی تاکہ لوگوں کو معلوم ہو سکے کہ حالات بہتر ہو سکتے ہیں، مدد لی جا سکتی ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ دوسرے جو بھی اس ذہنی حالت سے گزر رہے ہیں انہیں معلوم ہو کہ علاج موجود ہے۔
انہوں نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ اُن کی فلم ’رئیس‘ کے ریلیز ہونے اور بھارتی اداکار رنبیر کپور کے ساتھ اُن کی سیگریٹ پیتے تصویر وائرل ہونے کے بعد سے اُنہیں سرحد کے دونوں جانب سے ٹرول کرنے کے علاوہ دھمکیاں بھی دی گئی تھیں اور سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ یہی وہ وقت تھا جب ان کی حالت کافی خراب ہوگئی تھی، اِنہیں ’پینک اٹیکس‘ آنے لگتے تھے اور وہ بے ہوش ہو جایا کرتی تھیں۔
اداکارہ ماہرہ خان کا بتانا تھا کہ اس ذہنی دباؤ سے نکلنے کے لیے اُن کی باقاعدہ تھراپی ہوئی تھی۔
انہوں نے پوڈ کاسٹ کے دوران مزید بتایا کہ ڈپریشن اتنا شدید تھا کہ وہ متعدد ماہر نفسیات کے پاس گئیں مگر اِن کی ذہنی حالت میں کسی بھی طور بہتری نہیں آرہی تھی، اُن کے آس پاس محبت کرنے والے لوگ موجود تھے مگر وہ سب باہر کی دنیا تھی، اندرونی طور پر اُنہیں سکون نہیں مل پا رہا تھا اور اُن میں بے چینی بے حد تھی۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور وی جے کیا تھا اور اب وہ ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ بن چکی ہیں۔
ماہرہ خان پاکستان کے ساتھ بالی ووڈ میں، کنگ خان کے ساتھ بھی کام کرچکی ہیں۔
دوسری جانب ماہرہ خان کے اپنے ڈپریشن میں مبتلا ہونے سے متعلق کھل کر بات کرنے پر اُنہیں کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ، شنیرا اکرم نے سراہا ہے۔