دانیال عزیز نے جو غلطی کی میں وہ نہیں کرنا چاہتا: احسن اقبال

ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ شامل ہونا چاہے تو غور کریں گے، دانیال عزیز نے جو غلطی کی میں وہ نہیں کرنا چاہتا، دانیال عزیز کا معاملہ پارٹی کی سطح پر ہینڈل کیا جارہا ہے۔

معروف صنعتکار عارف حبیب نے کہا کہ شرح سود کم ہونے اور ایکسپورٹ بڑھنے کے بعد ہی بنیاد مضبوط ہوگی۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار طلعت حسین نے کہا کہ تتر بتر ہونے کے باوجود پی ٹی آئی کا ووٹ بینک برقرار ہے، وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کیساتھ‘‘ میں گفتگو کررہے تھے۔ ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے مزید کہا کہ انتخابات میں موثر کامیابی حاصل کرنے کیلئے کوشش کررہے ہیں، ترقی کے ایجنڈے سے متفق جماعتوں کے ساتھ مل کر وسیع البنیاد سیاسی تائید حاصل کرناچاہتے ہیں

بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کو قومی دھارے میں لانے کی کو شش کی ہے، ن لیگ پاکستان کی تعمیر نو کیلئے تنہا پرواز کرنے کی بجائے زیادہ سے زیادہ جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، ان جماعتوں نے پہلے پانچ سال پھر سولہ ماہ ہمارے ساتھ کام کیا ہے انہیں ساتھ لیکر چلنا ضروری ہے، پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ شامل ہونا چاہے تو غور کریں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سولہ ماہ اتحادی حکومت میں شریک رہی آج تنقید کررہی ہے، ن لیگ نے جن جماعتوں سے اتحاد کیا پیپلز پارٹی نے بھی ان کے ساتھ اتحاد کی کوشش کی ،بہت مشکل سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے ، پاکستان کو چلانے کیلئے ملک میں امن و استحکام کی ضرورت ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ کو دو تہائی اکثریت ملی تب بھی وسیع البنیاد حکومت بنائیں گے، ن لیگ الیکشن جیتنے کیلئے صرف اللہ تعالیٰ اور پاکستانی عوام کے مرہون منت ہے۔