سپریم کورٹ کا توہینِ عدالت کا نوٹس ابھی تک مجھے نہیں ملا:عمیر نیازی

بانیٔ پی ٹی آئی کے ترجمان عمیر نیازی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا توہینِ عدالت کا نوٹس ابھی تک مجھے نہیں ملا۔

اڈیالہ جیل کے باہر ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا کہ توہینِ عدالت سے متعلق سپریم کورٹ کا آرڈر پڑھا ہے، توہینِ عدالت کا باقاعدہ نوٹس ابھی تک میرے پاس نہیں پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے وضاحت طلب کی ہے، اس کا باقاعدہ جواب داخل کریں گے، ہماری پٹیشن الیکشن میں تاخیر کے لیے نہیں تھی، ہم لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتے ہیں۔

عمیر نیازی کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد ہے الیکشن ہوں اور صاف و شفاف ہوں۔

اس موقع پر عمیر نیازی سے سوال کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ آپ جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں؟

جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنہوں نے جمہوریت کو ڈی ریل کیا ہے پہلے انہیں تو پکڑیں۔

عمیر نیازی کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کو ہم نے خود جانے دیا، ضیاء الحق اور ایوب خان کا کچھ نہیں کر سکے، اگر میری طاقت ان سب سے زیادہ ہے تو دیکھنے والی بات ہے۔