مجھے انصاف ملنا چاہیے، میں کسی سے پیسے نہیں لوں گی:والدہ رضوانہ

کمسن رضوانہ کی والدہ نے کہا ہے کہ مجھے انصاف ملنا چاہیے، میں کسی سے پیسے نہیں لوں گی۔

اسلام آباد میں وکیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمسن رضوانہ کی والدہ نے کہا کہ میری بچی بھوکی پیاسی رہی، اسے کمروں میں بند کر کے رکھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ میں غریب ضرور ہوں مگر اپنی بچی کا سودا نہیں کروں گی، ہم پر الزام لگایا گیا کہ ہم نے ہی رضوانہ پر تشدد کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج عدالت کا رویہ دیکھ کر لگا عدالتوں میں انصاف ہوتا ہے۔

اس موقع پر وکیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رضوانہ کی والدہ کو دباؤ کا سامنا کرنا پڑا مگر وہ کیس سے پیچھے نہیں ہٹیں، تشدد کا آلہ برآمد کرنا ضروری ہے اس لیے ملزمہ کی گرفتاری ضروری تھی۔

وکیل کا کہنا ہے کہ اس کیس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے اور انصاف ہونا چاہیے، تمام ایجنسیز کی رپورٹ یہاں پیش کی گئی جو ہمارے حق میں گئی۔