اگر ڈونلڈ ٹرمپ صدر منتخب ہوگئے تو 11ملین غیر قانونی تارکین کو ڈی پورٹ کرینگے

اگر ڈونلڈ ٹرمپ صدر منتخب ہوگئے تو امریکا میں موجود 11؍ ملین غیر قانونی تارکین وطن کو نہ صرف وسیع پیمانے پر ڈی پورٹ کریں گے بلکہ اپنے سابقہ دور صدارت کی طرح بعض ممالک سے امریکا آنے والے شہریوں پر پابندیاں عائد کردیں گے۔

ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کی بعض اہم شخصیات ڈونالڈ ٹرمپ کے اس نعرے اور موقف کی مخالف ہیں لیکن ڈیموکریٹ کملا ہیرس کے انتخابی میدان میں آنے کے بعد ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کو ڈی پورٹ کرنے اور امریکا کی زمینی سرحدوں پر میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تکمیل اور کڑی نگرانی کو اپنی انتخابی مہم کا نمایاں اور اہم موضوع بنالیا ہے۔

ریاست ٹیکساس کی سرگرم ری پبلکن خاتون لارین پینا کا کہنا ہے کہ ’’الیگل‘‘ اور ’’انویژن‘‘ کو ڈی پورٹ کرنے کے نعرے، اعلانات اور وعدوں کا ذکر سن سن کر میں پریشان ہوں۔

امید ہے کہ ٹرمپ ہر فیملی کو ڈی پورٹ نہیں کریںگے بلکہ وہ جرائم پیشہ اور ریپ کرنے والوں کو ڈی پورٹ کرنے کی بات کررہے ہیں۔