پاکستان ایمبیسی تاشقند کی جانب سے گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ نوح دستگیر بٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ۔ واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے تاشقند ازبکستان میں ایشین پاور لفٹنگ میں چار مزید پڑھیں
مجھے اجازت دی جائے تو پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو بند کر دوں:نگراں وزیرِ تعلیم
نگراں وزیرِ تعلیم مدد علی سندھی کا کہنا ہے کہ مجھے اجازت دی جائے تو پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو بند کر دوں۔
چئیرمین صادق سنجرانی کی زیرِ صدارت سینیٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔
سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر کرشنا کماری نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نجی یونیورسٹی میں ایک مضمون میں فیل ہونے پر طالب علم کا پورا تعلیمی سال ضائع ہو جاتا ہے جس پر نگراں وزیرِ تعلیم نے کہا کہ مجھے اجازت دی جائے تو پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو بند کر دوں۔
جلیل عباس جیلانی کا تحریری جواب
سینیٹ کے اجلاس کے دوران نگراں وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی کا تحریری جواب ایوان میں پیش کر دیا گیا۔
جلیل عباس جیلانی کے تحریری جواب کے مطابق گزشتہ 3 سال کے دوران آڈٹ رپورٹس میں 96 آڈٹ اعتراضات سامنے آئے، 13 ارب 96 کروڑ روپے کے اعتراضات میں سے 72 کروڑ روپے قابلِ واپسی ہیں۔
جلیل عباس جیلانی نے تحریری جواب میں کہا ہے کہ اب تک 16 کروڑ 31 لاکھ روپے واپس لیے جا چکے ہیں، وزارتِ خارجہ نے جواب دینے میں غلطی کی جس پر معزرت کرتا ہوں، وزارتِ خارجہ نے آٹھ دس وزارتوں کے اعداد و شمار جواب میں دیے، وزارتِ خارجہ سے متعلق 285 ملین کے آڈٹ تھے، 93 ملین ریکور ہو چکے ہیں، آڈٹ میں اکثر غبن نہیں ہوتا۔
سینیٹ میں پیش کیے گئے وزارتِ خارجہ کے تحریری جواب میں مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب میں 25 لاکھ پاکستانی ہیں، سال 2022ء میں پانچ لاکھ پاکستانی سعودی عرب گئے ان میں سے بہت کم کو ملازمت میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا، آزاد ویزا کا معاملہ سعودی عرب کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق سعودی عرب میں قائم ہیلپ لائنز میں ہزاروں شکایات موصول ہوتی ہیں، آزاد ویزا کا سعودی عرب سے ایک ایشو ہے جو ہمیشہ رہتا ہے، اکثر آزاد ویزا والے بھی گرفتار ہو جاتے ہیں، یہ معاملہ اعلی سطح پر اٹھایا ہوا ہے، سعودی حکام نے وعدہ کیا ہےاس کا تدارک کرنے کےلیے کچھ نہ کچھ کریں گے۔
جلیل عباس جیلانی نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں جیسے ترقیاتی کام ہو رہا ہے، امید ہے کہ ہمارے لوگ جو وہاں ورک ویزا پر گئے انہیں کام مل جائے گا۔
جلیل عباس جیلانی کا تحریری جواب میں بتانا تھا کہ ایف آئی اے کو ہدایت دی ہے کہ جو گینگ عمرہ کی آڑ میں بھیک مانگنے جا رہے تھے انکو پکڑیں، ایف آئی اے نے ایسے تین گینگز کو پکڑا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق صدر کا جو بیان جاری کیا گیا اس میں وزارت خارجہ کا ان پٹ نہیں تھا، معلوم نہیں کہ صدر نے یہ بات کو تناظر میں کہی، صدر کے بیان کے بعد ہمیں وضاحت جاری کرنی پڑی، ہماری جاری وضاحت کو او آئی سی اور اقوام متحدہ بھیجا گیا۔
فلسطین سے متعلق سینیٹ کے ایوان میں جمع کروائے گئے وزارتِ خارجہ کے تحریری جواب میں کہنا تھا کہ پاکستان کی فلسطین کے مسئلے پر پوزیشن دو ریاستی حل کی رہی ہے، دو ریاستی حل کی رہی ہے جو 1967ء کے بارڈر کے مطابق ہو۔
رضا ربانی کا صدرِ مملکت سے استعفیٰ کا مطالبہ
سینیٹ کے اجلاس کے دوران سینیٹر رضا ربانی نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کچھ روز قبل صدر مملکت نے فلسطین کے صدر سے بات کی، ایوان صدر کے پریس ریلیز کے مطابق صدر نے کہا ون اسٹیٹ حل ہونا چاہیے، مسئلہ فلسطین میں ون اسٹیٹ پالیسی تو پاکستان کی کبھی نہیں رہی۔
رضا ربانی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر صدر سے اس بیان پر استعفیٰ کا مطالبہ کرتا ہوں، صدر کے بیان پر نقصان کا ازالہ وزارت خارجہ نے کیا۔
سینیٹر مشتاق کا ایوان میں اظہارِ خیال
سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر مشتاق نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ محمد خالد کھوکھر نے کیا جرم کیا کہ انہیں معطل کیا گیا، محمد خالد کھوکر کو ستارۂ امتیاز ملٹری سے نوازا گیا ان کا ہاکی سے کیا تعلق ہے؟
ہاکی فیڈریشن کا صدر 2 مرتبہ بن سکتے ہیں: مرتضیٰ سولنگی
دوسری جانب نگراں وزیرِ اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے سینیٹ کے اجلاس کے دوران ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہاکی فیڈریشن کا صدر صرف 2 مرتبہ بنا جا سکتا ہے، محمد خالد کھوکھر تیسری بار بھی صدر ہاکی فیڈریشن بنے تھے جس پر انہیں معطل کیا گیا، اب حکومت نے ہاکی فیڈریشن کے صدر کا الیکشن کرانے کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے۔
بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس جمعہ ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔