ہڑتال سے مطلوبہ نتائج نہ ملے تو تاجر برادری اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں:ایمل ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ پوری قوم بیدار ہوکر اپنے حق کے لیے یک زباں ہو چکی ہے۔

انہوں نے چارسدہ میں تاجروں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہڑتال سے مطلوبہ نتائج نہ ملے تو تاجر برادری اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ اے این پی تاجر برادری کے ساتھ ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑی رہے گی، 15 فیصد اشرافیہ کے لیے پوری قوم کو ٹیکسوں کے جال میں پھنسایا گیا ہے، حکومت اور اشرافیہ اپنے خرچے ختم کریں تو عوام پر ٹیکس خود ہی کم ہوں گے۔

ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ بجلی اور سوئی گیس خیبر پختون خوا کی پیداوار ہے جس پر پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے، اسی طرح گندم پنجاب کی پیداوار ہے، گندم پر پہلا حق ان کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا 6 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرتا ہے جبکہ صوبے کی ضرورت 3 ہزار میگاواٹ ہے، ضرورت سے دگنی بجلی پیدا کرنے کے باوجود خیبر پختون خوا میں بدترین لوڈشیڈنگ ہے، خیبر پختون خوا میں بجلی کی پیداواری لاگت ایک روپیہ فی یونٹ ہے، وفاق ہم سے سستی بجلی لے کر 80 روپے فی یونٹ فروخت کررہی ہے۔

اے این پی رہنما نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں آئی پی پیز ایک یونٹ بجلی بھی پیدا نہیں کر رہے، خیبر پختون خوا کے عوام کس کھاتے میں آئی پی پیز کو ادائیگی کریں؟

ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ بجلی پر مکمل اختیار حاصل کرنے کے لیے عنقریب اے این پی بڑی تحریک شروع کرنے والی ہے، کشمیریوں نے اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرکے اپنے لیے ڈھائی روپے فی یونٹ بجلی کا حصول ممکن بنایا، جس دن 10 لاکھ پختون اپنے حق کے لیے اکھٹے ہو گئے اسی دن تمام حقوق حاصل ہوں گے۔