آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے عمران خان پر ہونے والے حملے کی ایف آئی آر درج نہ ہونے کے معاملے پر کی جانے والی تنقید کے بعد آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے وفاقی حکومت کو بطور آئی جی پنجاب مزید خدمات جاری نہ رکھنے کے بارے میں خط لکھ دیا۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار کی جانب سے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا بعض ذاتی وجوہات کی بنا پر بطور آئی جی پنجاب مزید خدمات جاری نہیں رکھ سکتا، درخواست ہے کہ حکومت پنجاب سے ان کی خدمات فوری واپس لی جائیں، وہ مزید کام جاری نہیں رکھ سکتے۔

دوسری جانب فیصل شاہکارکے قریبی ذرائع کا کہنا ہےکہ انہوں نے چارج چھوڑنے کا فیصلہ عمران خان پر حملے کی ایف آئی آرکے معاملے پر کیا جبکہ پنجاب حکومت اور فیصل شاہکارکے درمیان پولیس میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں سمیت دیگر معاملات پر بھی تناؤ تھا۔ آئی جی پنجاب سی سی پی او کے چارج نہ چھوڑنے کے معاملے پر بھی ناخوش تھے۔