پاکستان ایمبیسی تاشقند کی جانب سے گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ نوح دستگیر بٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ۔ واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے تاشقند ازبکستان میں ایشین پاور لفٹنگ میں چار مزید پڑھیں
جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد آج، اسرائیل کی بربریت جاری
غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کے دوران بھی اسرائیلی فورسز کےاسپتالوں، کیمپوں اور شہری آبادی پر فضائی حملے، توپخانے اور ٹینکوں سے گولہ باری، مزید سیکڑوں فلسطینی شہید ہوگئے۔
جبالیہ کیمپ کی ایک عمارت پر بمباری میں ایک ہی خاندان کے 52 افراد شہید ہوگئے، حماس کا کہنا ہے کہ قطر کی ثالثی میں اسرائیل کیساتھ طے پانے والے 4 روزہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عملدرآمد آج صبح 10بجے سے ہوگا۔
معاہدے پر مذاکرات میں امریکا اور مصر بھی شامل رہے، حماس اور غزہ میں سرگرم اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی پر اس وقت تک کاربند رہیں گے جب تک اسرائیلی فوج اس کی خلاف ورزی نہیں کرتی، اقوام متحدہ میں بچوں کے فلاح وبہبود کے ادارے کے سربراہ نے محصور غزہ کی پٹی کو بچوں کے لئے دنیا کی سب سے خطرناک جگہ قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان سخت جنگ بندی کا معاہدہ ان کی جانیں بچانے کے لئے کافی نہیں۔
غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 14,532 ہو گئی جن میں 6 ہزار بچے اور 4 ہزار خواتین شامل ہیں، غزہ کی 60 فیصد عمارتیں مکمل یا جزوی تباہ ہوگئیں، طبی عملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 205 ہوگئی، 64 صحافی اور محکمہ شہری دفاع کے 25 اہلکار شہید ہوچکے۔
غزہ کی پٹی میں تقریباً 7000 افراد لاپتہ ہیں جن میں 4700 سے زائد بچے اور خواتین شامل ہیں، سرکاری میڈیا نے مطالبہ کیا کہ تمام اسپتالوں کو دوبارہ فعال کرنے کے لئے ضروری طبی سامان فراہم کیا جائے، اسرائیلی فوج نے غزہ میں اپنے ایک فوجی کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد پٹی میں زمینی کارروائی کے آغاز سے اب تک ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔
غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کے بعدحوثی گروپ انصار اللہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ فلسطینی دھڑوں کی طرف سے اٹھائے گئے کسی بھی اقدام کے ساتھ کھڑے ہیں، حزب اللہ نے اسرائیلی شہروں العسی، المنارہ، المرج، اور تل الطہہ کے اسرائیلی مقامات کو نشانہ بنایا، اور براہ راست حملے کئے۔
یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ غزہ میں 5,300 سے زیادہ بچے شہید ہو چکے ہیں جو مجموعی اموات کا 40 فیصد حصہ ہیں، وہ حال ہی میں غزہ کا دورہ کرکے آئی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جو کچھ انہوں نے جنوبی غزہ میں دیکھا اور سنا اس سے وہ اب بھی صدمے میں ہیں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل اور حماس کے درمیان یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ میں لڑائی اور بمباری روکنے کے معاہدے کا خیرمقدم کیا، تاہم انہوں نے کہا کہ مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے تعاون کرے گا، عالمی ادارہ صحت نے بھی اس معاہدے کا خیرمقدم کیا، تاہم، اقوام متحدہ کے ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ اس سے شہریوں کی تکالیف ختم نہیں ہوں گی جو اب بھی محصور ہیں اور انہیں ضروری طبی امداد ملنی چاہیے۔
غزہ میں سرکاری میڈیا آفس کے ڈائریکٹر جنرل اسماعیل الثابتہ نے کہا کہ اسرائیل اب بھی شمال میں انڈونیشن اسپتال کے خلاف “جرائم” کا ارتکاب کر رہا ہے۔ الثابتہ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اسرائیلی فورسز اب بھی الشفاء اسپتال پر قابض ہیں۔