بجلی چوری میں اہم شخصیات بھی ملوث نکلیں، 130 ایف آئی آرز درج

لاہور ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، اہم شخصیات سمیت 330 بجلی چوروں کی نشاندہی کی گئی ہے، 130 ایف آئی آرز درج کر کے11 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ترجمان لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا کہنا ہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی مہر سعید ظفر پڈہار بجلی چوری میں ملوث ہیں، انہیں 8620 یونٹس کے 2 لاکھ 50 ہزار روپے چارج کر دیے گئے۔

لیسکو کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین ضلع کونسل رانا ایوب کو 1096 یونٹس کے 69 ہزار 457 روپے چارج کیے گئے۔

سابق وائس چیئرمین پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) اللّٰہ توکل کو 5 ہزار 156 یونٹس کے 2 لاکھ 68 ہزار 112روپے چارج کیے گئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مقامی رہنما طارق جاوید کو 4 ہزار 753 یونٹس 2 لاکھ 5 ہزار 247 روپے چارج کیے گئے۔

لیسکو کا کہنا ہے کہ گرین کیپ سوسائٹی کو 71 ہزار 943 یونٹس 35 لاکھ 97 ہزار 150 روپے چارج کیے گئے، 330 ملزمان کو مجموعی طور پر 4 کروڑ 74 لاکھ 27 ہزار روپے چارج کیے گئے۔