عامر لیاقت کے انتقال سے متعلق ملازم کے اہم انکشافات

کراچی: رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال سے متعلق ان کے ملازم نے اہم انکشافات کیے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال پر ان کے ملازم نے بتایا کہ وہ گزشتہ رات ملک چھوڑنے کی تیاری کررہے تھے جبکہ اس دوران بہت روئے جس کے باعث ان کی طبعیت بگڑ گئی۔

ملازم نے بتایا کہ جب سے دانیہ شاہ سے ان کے معاملات خراب ہوئے تھے وہ ہروقت ٹینشن میں رہتے تھے، شدید ڈپریشن کا شکار تھے جس کے باعث ان کی طبعیت بہت زیادہ ناساز تھی۔

رکن اسمبلی عامر لیاقت حسین کچھ دیر قبل طبیعت خرابی کے سبب انتقال کرگئے تھے، ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ انہیں مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا جب کہ پولیس کا موقف ہے کہ موت کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا، فی الحال ان کا گھر سیل کرکے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔