عمران خان نے خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ کا نام بتا دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ کا نام بتا دیا۔

بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے کوئی اتحاد نہیں ہوگا، ان کے علاوہ تمام جماعتوں سے بات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے مرکز اور خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کے لیے سیاسی رابطے کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے جماعت اسلامی کے سینئر رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لیے نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنما بیرسٹر گوہر علی خان اور سینیٹر اعظم خان سواتی کا بھی لیاقت بلوچ سے رابطہ ہوا ہے۔

جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق ان رابطوں میں ملک میں جاری سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔