عمران خان کا ایک بار پھر آرمی چیف کی تقرری پر متنازع بیان

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر آرمی چیف کی تقرری پر متنازع بیان دیا ہے۔

عمران خان نے اپنے حالیہ ویڈیو بیان میں موجودہ حکومت کے تحت آرمی چیف کی تقرری پر سوال اٹھاتے ہوئےکہا کہ لندن کا تماشا اداروں کی مضبوطی کے لیے نہیں ہورہا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اسے آرمی چیف لگائیں گے جو ان کے خیال میں ان کی مدد کرے گا ۔ دنیا کو پیغام جارہا ہے کہ سزا یافتہ شخص قوم کے فیصلے کرنے جارہا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے عمران خان کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے آرمی چیف لگانے والی یہ تھیوری مسترد ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کیسے کہہ سکتے ہیں کہ نواز شریف میرٹ پر تعیناتی نہیں کرتے، نواز شریف نے ہی جنرل قمر جاوید باجوہ کی تعیناتی کی جنہیں عمران خان نے توسیع بھی دی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی کسی کا آرمی چیف نہیں ہوتا، آرمی چیف ادارے کا ہوتا ہے۔