عمران خان کا وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں خوف ہے کہ ان سے کوئی ایسی چیز ہوگئی ہے جو ان سے سنبھالی نہیں جا رہی۔

انٹرنیٹ پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کل رات ساڑھے 12 بجے رانا ثناءاللّٰہ نے پریس کانفرنس کی جس کے بعد شک نہیں رہا کہ تحریک انصاف کی خواتین کو جیلوں میں ڈالا گیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں خبریں آرہی تھیں ان کے ساتھ کس طرح کا سلوک کیا گیا۔ رانا ثناءاللّٰہ کی پریس کانفرنس نے خواتین سے غیر انسانی سلوک پر شبہات دور کر دیے۔

انہوں نے کہا کہ اب یا تو انہیں خوف ہے کہ خواتین رہا ہو کر بدسلوکی سے متعلق بتائیں گی، یا انہیں خوف ہے کوئی ایسی چیز ہوگئی ہے جو ان سے سنبھالی نہیں جا رہی۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اس وجہ سے ان کو ڈر ہے کہ بات نکل آئی تو پہلے سے تیاری کرلیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو دروازے توڑ کر گھروں میں گھسے، عورتوں کو بھی لے گئے۔ ہم اپنی خواتین اور مرد ارکان اسمبلی سے ملے تو سب نے ایک ہی کہانی سنائی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب پلان کرکے خوف پھیلانے کےلیے کیا گیا۔ عورتوں کو سیاست سے دور کیا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اس سے بڑا ظلم نہیں ہو سکتا کہ آدھی آبادی کو سیاست سے باہر رکھیں۔