نائیجر میں فوج نے صدر بازوم کی حکومت کا تختہ الٹ دیا

افریقی ملک نائیجر میں فوج نے بغاوت کرتے ہوئے صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ الٹ دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجر فوج نے نیشنل ٹی وی چینل پر آ کر حکومت کا تختہ اُلٹنے کا اعلان کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نائیجر فوج کے کرنل نے دیگر 9 فوجیوں کے ہمراہ ٹی وی پر اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اس حکومت کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ملک کے آئین کو تحلیل کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام ادارے معطل اور سرحدیں بند کرتے ہوئے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

دوسری جانب نائیجر کے صدارتی دفتر نے آمروں کے اقدام کو ریاست کے خلاف بغاوت قرار دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دعویٰ کیا گیا کہ صدر بازوم صدارتی محافظ دستے کے کمانڈر جنرل عمر کو ہٹانا چاہتے تھے، جنرل کو ہٹانے پر فوج نے صدر سے استعفیٰ مانگ لیا تھا، صدر بازوم نے استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا تھا۔

فوجی بغاوت کی اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔