عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں ٹانگ پر فریکچر کا کوئی ذکر نہیں

عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ عمران خان کی طبی رپورٹ میں شراب اور کوکین کا بے دریغ استعمال پایا گیا، عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں ٹانگ پر فریکچر کا کوئی ذکر نہیں۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ طبی رپورٹ میں عمران خان کی دماغی صحت مشکوک قرار دی گئی، عمران خان کا یورین سیمپل لیا گیا تھا، گفتگو کے دوران عمران خان کی حرکات و سکنات ٹھیک نہیں تھیں، چمڑی پر پلاسٹر کرنے والا عمران خان دنیا کا پہلا آدمی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں اسمبلی میں پہلے ہی کہتا تھا کہ عمران خان کی دماغی حالت درست نہیں ہے، عمران خان نے نوجوانوں کو جس راہ پر لگایا اس کا نتیجہ سب نے دیکھ لیا، لوگوں سے اپیل ہے کہ اپنے بچوں کو اس موالی کے حوالے نہ کریں، عمران خان نے عظیم لیڈر آصف زرداری کو عدالت سے گرفتار کرایا، عمران خان جیسے شخص کو صادق و امین قرار دیا گیا۔