بھارت کے حالیہ انتخابات میں ایک مردہ خاتون نے نہ صرف انتخابات لڑے بلکہ جیت بھی گئی

انتخابات کے دوران مردہ لوگوں کا ووٹ کاسٹ ہوجائے ایسا تو کئی بار سنا ہوگا لیکن بھارت کے حالیہ انتخابات میں ایک مردہ خاتون نے نہ صرف انتخابات لڑے بلکہ جیت بھی گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنی نوعیت کے اس انوکھے واقعے میں ایک خاتون نے موت کے دو ہفتوں بعد جیت کر سب کو حیران کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون امیدوار، آسیہ بی کی موت بھارتی ریاست اتر پردیش میں بلدیاتی انتخابات سے صرف 12 دن قبل پھیپھڑوں اور پیٹ میں انفیکشن کے باعث ہوئی۔

اے ایف پی کے مطابق ، مردہ خاتون نے بجنور ضلع میں میونسپل بلدیاتی نشست کی دوڑ میں تقریباً 44 فیصد ووٹ حاصل کیے اور کامیابی سمیٹی، یہ پہلا موقع ہے کہ کسی مردہ انسان کو الیکشن میں فتح ہوئی۔

30 سالہ خاتون کے شوہر منتظر قریشی نے انتخابی عملے کو بیوی کی موت کی اطلاع دی لیکن کوئی طریقہ کار نہ ہونے کی وجہ سے خاتون کا نام بیلٹ پیپرز سے نہیں ہٹایا جاسکا اور ووٹنگ طریقے کے مطابق ہی ہوئی۔

ضلع افسر بھگوان شرن نے تصدیق کی کہ ریاست میں انتخابی عمل شروع ہونے کے بعد کسی بھی وجہ سے امیدوار کا نام بیلٹ پیپرز سے ہٹانے کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جب ایک بار انتخابی عمل شروع ہو جائے تو اسے کسی بھی وجہ سے روکا یا ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔

موت سے قبل خاتون علاقے میں کافی مقبول تھیں اور یہی وجہ ہے کہ لوگوں نے انتقال کے باوجود اسے ہی ووٹ ڈالنے کا فیصلہ کیا۔

ان کے شوہر منتظر قریشی کے مطابق آسیہ بی نے ’اپنے پرسکون انداز سے دل جیت لیے‘ جبکہ ایک ووٹر کا کہنا ہے کہ ہمارے ووٹ ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔