پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور حکمران اتحاد میں ابھی تک نگراں وزیرِ اعظم کے نام کا فیصلہ نہیں ہوا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ اہم فیصلے مشاورت کے بعد ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشاورت کے بغیر کوئی پارٹی بھی فیصلہ نہیں کر سکتی، تمام اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری تھا اور ہے۔
حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم اکیلے فیصلہ نہیں کر سکتے کیونکہ ایک پارٹی کی حکومت نہیں۔
پی ڈی ایم کے ترجمان نے مزید کہا کہ حکمران اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، حکمران اتحاد اور پی ڈی ایم کو بھی ایک دوسروں کو اعتماد میں لینا ہو گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر ن لیگ کو اکثریت ملتی ہے تو وزیرِ اعظم تو ن لیگ کا ہی ہو گا۔