ایک کروڑ روپے کمانے والے یوٹیوبر کے گھر محکمہ انکم ٹیکس کاچھاپہ

محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے ایک کروڑ روپے کمانے والے بھارتی یوٹیوبر کے گھر چھاپہ مارا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اترپردیش میں تسلیم نامی یوٹیوبر کے گھر چھاپہ مارا گیا جس دوران اس کے گھر سے 24 لاکھ نقد بھارتی روپے بھی ملے، انکم ٹیکس والے تسلیم کو اپنے ہمراہ ہی لے گئے۔

انکم ٹیکس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بریلی سے تعلق رکھنے والا تسلیم گزشتہ کئی سالوں سے یوٹیوب چینل چلا رہا ہے، اس پر الزام ہے کہ وہ غیر قانونی مواد یوٹیوب پر پوسٹ کرکے اس سے پیسے کما رہا ہے، فی الحال محکمہ انکم ٹیکس یوٹیوبر سے تفتیش کررہا ہے۔

دوسری جانب تسلیم کے خاندان نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تسلیم کا تمام پیسہ جائز ہے جو اسے یوٹیوب پر مواد پوسٹ کرکے ملتا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تسلیم شیئر مارکیٹ کے موضوع پر ویڈیوز بناتا ہے، اس حوالے سے اس کے بھائی نے بتایا کہ تسلیم اپنی کمائی میں سے باقاعدہ ٹیکس ادا کرتا ہے، وہ یوٹیوب سے اپنی ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی آمدن سے پہلے ہی چار لاکھ روپے بطور ٹیکس ادا کرچکا ہے۔

تسلیم کے بھائی فیروز نے اس چھاپے اور ایک سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرا بھائی کوئی غیر قانونی کام نہیں کررہا، وہ اپنی ویڈیوز بناتا ہے جس سے ہماری اچھی آمدنی ہوجاتی ہے، میرے بھائی کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے اور اسے غلط طریقے سے پھنسایا جارہا ہے۔