بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں پر سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد

بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں پر سلو اوور ریٹ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جرمانہ عائد کر دیا۔

آئی سی سی کی جانب سے دونوں ٹیموں کے مابین جمعرات کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ پر جرمانہ کیا گیا ہے۔

مذکورہ میچ میں دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں اوورز مکمل کرنے میں ناکام رہی تھیں جس کی وجہ سے جرمانہ عائد کیا گیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز پر میچ فیس کا 10 فیصد اور بھارتی ٹیم پر 5 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔

اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے مہمان ٹیم کو 4 رنز سے شکست دی تھی، 150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 145 رنز بنا سکی تھی۔

5 ٹی ٹوئنٹی کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ کل کھیلا جائے گا۔