بھارت نے جی 20 اجلاس کیلئے بندروں کے خطرے کو کم کرنے کیلئے نقلی لنگوروں کی مدد لے لی

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں 9 اور 10 ستمبر کو جی 20 رہنماؤں کا اجلاس ہوگا جس کے پُرامن انعقاد کے لیے بھارتی حکام نے انوکھا طریقہ تلاش کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں بندروں کی بڑی تعداد کو خطرہ سمجھا جاتا ہے جو مصروف سڑکوں پر دوڑتے نظر آتے ہیں جس کے باعث وہ اکثر موٹرسائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کو خطرے میں ڈال دیتے ہیں اور اس کے علاوہ اکثر رہائشیوں پر حملہ بھی کرتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بندروں کی بڑی تعداد اور ان کی حرکتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارتی حکام کی جانب سے بندروں کو جی 20 سمٹ کے اجلاس میں افرا تفری مچانے اور انہیں اجلاس سے دور رکھنے لے لیے انوکھا طریقہ تلاش کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بندروں کو دور بھگانے کے لیے مختلف علاقوں میں بڑے اور لڑاکا لنگور بندروں کے لائف سائز تصویری بورڈ نصب کردیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جانوروں کی آوازیں نکالنے والے 30 سے 40 افراد کو مختلف مقامات پر بھی تعینات کیا جائے گا جو جانوروں کی آوازیں نکال کر اجلاس کی حدود میں داخل ہونے والے چھوٹے بندروں کو ڈرا کر دور رکھ سکیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بندروں کو مخصوص مقامات پر کھانا بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ کھانے کی تلاش میں ادھر ادھر ٹہلتے نہ پھریں۔