بھارت: نئی دلی میں سیلابی صورتحال برقرار

بھارت میں دریائے جمنا میں پانی کی سطح میں کمی جاری ہے تاہم پھر بھی دارالحکومت نئی دلی میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دریائے جمنا میں پانی کی سطح 207.68 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

نئی دلی کے وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ جمنا بیراج کے پانچوں دروازے کھولنے کے لیے کام جاری ہے، اگر بارش نہ ہوئی تو چند دنوں میں صورتحال نارمل ہو جائے گی۔

ساتھ ہی نئی دلی میں سیلابی پانی سے گھری سڑکوں پر بحالی کا آپریشن بھی جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دلی میں اسکول،کالج اور ضروری خدمات کے علاوہ دفاتر آج بھی بند ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے آج ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں حالیہ بارشوں سے گزشتہ دنوں کے دوران دریائے جمنا میں پانی کی سطح کا 45 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔