بھارت :موتیا کے آپریشن کے بعد بندر کی بینائی واپس آگئی

بھارت کی ریاست ہریانہ میں موتیا کے آپریشن کے بعد بندر کی بینائی واپس آگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جانوروں کے سرکاری ہسپتال میں بندر کا موتیا کا کامیاب آپریشن کیا گیا، کرنٹ سے جھلسنے کے بعد بندر کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ میں اس طرح کا آپریشن پہلی مرتبہ کیا گیا ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایک شخص بندر کو زخمی حالت میں لایا تھا، بندر چل بھی نہیں پارہا تھا اور اس کا جسم جھلسا ہوا تھا، علاج کے کئی دنوں بعد جب بندر نے چلنا پھرنا شروع کیا تو پتہ چلا کہ اسے نظر بھی نہیں آرہا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مزید جانچ کے بعد ڈاکٹروں نے پتہ لگایا کہ بندر کی دونوں آنکھوں میں سفید موتیا ہے جس کے بعد اس کا آپریشن کردیا گیا۔