بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے اہلیہ عائشہ مکھرجی سے طلاق لے لی

بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے اہلیہ عائشہ مکھرجی سے طلاق لے لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شیکھر دھون کو اہلیہ عائشہ مکھرجی سے طلاق کی منظوری دہلی کی فیملی کورٹ نے دی۔

عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بیوی نے شیکھر دھون کو اپنے اکلوتے بیٹے سے برسوں تک الگ رہنے پر مجبور کر کے ذہنی تکلیف دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فیملی کورٹ کے جج ہریش کمار نے طلاق کی درخواست میں شیکھر دھون کے اپنی اہلیہ کے خلاف لگائے گئے سب ہی الزامات کو تسلیم کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے شیکھر دھون کو بھارت اور آسٹریلیا میں مناسب مدت کے لیے اپنے بیٹے سے ملنے، ویڈیو کالز کے ذریعے بات چیت کروانے اور اسکول کی چھٹی کے دوران باپ کے ساتھ وقت گزارنے کا بھی حکم دیا۔

واضح رہے کہ عائشہ اور شیکھر دھون کی شادی 2012ء میں ہوئی تھی اور ان کا ایک 10 سالہ بیٹا زورآور دھون ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عائشہ اور زورآور دھون دونوں آسٹریلین شہری ہیں جبکہ عائشہ کی اس سے قبل بھی شادی ہو چکی ہے جس سے ان کی 2 بیٹیاں ہیں۔