پاکستانی اداکار شجاع اسد اور بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے موازنے پر بھارتی مداحوں کا شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔
چند ماہ قبل نادیہ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت نے پاکستانی اداکاروں پر پابندی صرف اس وجہ سے لگائی کیونکہ وہ ان سے خوفزدہ تھے۔
اب نادیہ خان نے ایک اور دلچسپ مگر متنازع بیان دیا ہے، جس میں انہوں نے پاکستانی اداکار شجاع اسد کو سلمان خان سے بہتر اداکار قرار دے دیا۔
نادیہ خان نے کہا کہ کسی نے مجھ سے کہا کہ میں یہ ذکر کروں کہ شجاع اسد سلمان خان کی طرح نظر آتے ہیں، جی ہاں! وہ واقعی نوجوان سلمان خان کی طرح دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک سپر اسٹار ہیں، لیکن شجاع اسد سلمان خان سے کہیں بہتر اداکار ہیں، وہ اداکاری اور ہنر کے لحاظ سے بہت آگے ہیں، سلمان ایک بڑا اسٹار ضرور ہے، لیکن اداکاری کے میدان میں شجاع اسد نے سلمان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
نادیہ خان کے اس بیان کے بعد پاکستانی اور بھارتی سوشل میڈیا صارفین کے درمیان زبردست بحث چھڑ گئی ہے، جہاں دونوں ممالک کے صارفین اپنی اپنی آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔
بعض پاکستانی صارفین نے نادیہ خان کے بیان کی حمایت کی، جبکہ کچھ نے اسے غیر ضروری اور مبالغہ آرائی قرار دیا ہے، جبکہ بھارتی مداحوں نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے اور ان پر تنقید کے نشتر چلائے ہیں۔
بھارتی صارف نے لکھا ہے کہ پاکستانی اپنے اداکاروں کے بارے میں اتنے زیادہ خوش فہمی میں کیوں مبتلا ہوتے ہیں؟ وہ ہر کسی کا موازنہ بھارتی اداکاروں سے کیوں کرتے ہیں؟ ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے۔
دوسرے صارف نے کہا کہ اگر نادیہ خان نے یہ بات کسی بھارتی شو میں کہی ہوتی تو اگلے ہی دن انہیں شو سے باہر نکال دیا جاتا۔
ایک اور بھارتی مداح نے لکھا ہے کہ بھارتی اداکار نوازالدین صدیقی اکیلے ہی تمام پاکستانی اداکاروں سے بہتر ہیں۔
بعض صارفین نے نادیہ خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ بیان دیتے وقت وہ ہوش میں نہیں تھیں اور انہیں فوراً اپنی آنکھوں کا معائنہ کرانا چاہیے۔
کچھ صارفین نے کہا کہ یہ سب پاکستانی اداکاروں کو زبردستی بڑا ثابت کرنے کا ایک نیا طریقہ ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی پاکستانی اداکار کا موازنہ کسی بڑے بھارتی اسٹار سے کیا گیا ہو، ماضی میں بھی کئی پاکستانی اداکاروں کو بھارتی اسٹارز سے بہتر قرار دیا جا چکا ہے۔