اورنگی میں پولیس اہلکاروں کی مبینہ ڈکیتی سے متعلق تحقیقات جاری ہیں: ایڈیشنل آئی جی کراچی

ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند نے کہا ہے کہ اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے ڈکیتی کے مبینہ واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ تحقیقات سے پتہ چل جائے گا کون ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس افسران نے ایسا کیا ہے تو نامناسب بات ہے، اگر کوئی واقعے میں ملوث نہیں تو سزا نہیں ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سینیٹری کے ہول سیل تاجر شاکر خان کے گھر پولیس کے چھاپے نما ڈھائی کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی اور ان کے اغواء میں کراچی ساؤتھ پولیس کے زیرِ تربیت ڈی ایس پی کے براہِ راست ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے تھے۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق زیرِ تربیت ڈی ایس پی عمیر طارق بجاری، 2 ساتھی اہلکاروں اور حساس ادارے کی 5 رکنی جعلی ٹیم نے ڈکیتی اور بے گناہ بھائیوں کو اغواء کرنے کی واردات انجام دی تھی۔

اس پولیس پارٹی نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 5 ای میں چند روز قبل تاجر شاکر خان کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کی اور گھر کی تلاشی کے دوران 1 کروڑ 90 لاکھ روپے نقد، 70 تولہ سونا و دیگر قیمتی سامان لوٹا تھا۔