خلیجی ممالک سے سرمایہ کاری آ رہی ہے ، قوم کو جلد خوشخبری ملے گی: نگراں وزیر خارجہ

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تعلقات نہ صرف خطے میں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک سے بھی مضبوط ہو رہے ہیں، خلیجی ممالک سے سرمایہ کاری آ رہی ہے جو ہماری معاشی ترقی کے لیے اہم ہوگی، قوم کو اس بارے میں جلد خوشخبری ملے گی۔

ایپکس کمیٹی اجلاس کے بعد نگراں وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ آج میٹنگ میں فارن پالیسی سے متعلق معاملات پر بریفنگ دی گئی، پاکستان کے چین سمیت خطے کے دیگر ملکوں کے ساتھ تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔

نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب، خلیجی ملکوں کے ساتھ بھی پاکستان کے بہترین تعلقات ہیں، افریقہ ایک اہم خطے کے طور پر ابھر رہا ہے، پالیسی کے تحت افریقی ملکوں سے روابط مزید بڑھائیں گے۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ یورپی ملکوں کے ساتھ تعلقات بھی بڑی اہمیت کے حامل ہیں، یورپی یونین کے ساتھ تجارت کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔

نگراں وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ بزنس کمیونٹی کو سرمایہ کاری کرنے پر طویل مدتی ویزے دیے جائیں گے۔