سسٹر اسٹیٹ معاہدہ، وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو تقریب میں شرکت کیلئے کیلی فورنیا کی دعوت

لاہور :کیلی فورنیا کی قانون ساز اسمبلی کی کمیٹی کے سربراہ کرس آر ہولڈن نے وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے نام مراسلہ جاری کیا ہے۔

کریس آر ہولڈن نے مراسلے میں پنجاب اورکیلی فورنیاکے درمیان سسٹر اسٹیٹ ریلیشن شپ معاہدے پر دستخط کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو کیلی فورنیا کے دورے کی دعوت دی ہے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کرس آر ہولڈن کا کہنا تھا کہ معاہدے پر دستخط کی باقاعدہ دعوت دینے پر بے حد خوشی ہے، امید ہے کہ آپ کی قیادت میں معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے

دوسری جانب چوہدری پرویزالٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں سسٹر اسٹیٹ ریلیشن شپ معاہدے کا جائزہ لیاگیا جہاں چیئرمین پی اینڈ ڈی سلمان غنی نے معاہدے کی تفصیلات اور جزئیات سے آگاہ کیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ معاہدے سے پنجاب اورکیلی فورنیا کے درمیان تجارتی، معاشی اور کاروباری تعلقات میں اضافہ ہوگا، پنجاب اور امریکی ریاست کیلی فورنیا کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی جبکہ تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماحولیات اور ثقافت کے شعبوں میں بھی تعلقات کو فروغ ملے گا۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ کیلی فورنیا کی قانون ساز اسمبلی معاہدے کی قرارداد منظور کر چکی ہے، معاہدے کوحتمی شکل دینے کے لیے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں خصوصی سیل بنایا جائے گا۔