کیاسابقہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اپنی ہمت کھونے لگی ہیں؟

بھارتی سابقہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی حالیہ پوسٹ سے عندیہ مل رہا ہے کہ وہ اپنی ہمت کھونے لگی ہیں۔

ہمیشہ ہر مشکل میں ہمت و حوصلے کی مثال بننے والی سابقہ ٹینس اسٹار نے اللہ تعالیٰ سے ہمت و حوصلہ بلند رکھنے کے لیے مدد طلب کرلی ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ثانیہ مرزا نے انسٹااسٹوری میں ایک خوبصورت دعا شیئر کی ہے۔

ان کی شیئر کردہ انسٹااسٹوری میں لکھا ہے کہ ’یا اللہ، اگر میں غلط ہوں تو مجھے درست سمت دکھا، اگر میں گمراہ ہوں تو مجھے راہ راست پر لے آ، اگر میں ہمت و حوصلہ ہار رہی ہوں تو میری رہنمائی فرما اور مجھے آگے بڑھنے کی ہمت عطا کر‘۔

سابقہ ٹینس اسٹار کی انسٹااسٹوری دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور ان کے چاہنے والےسوشل میڈیا صارفین ان کے حق میں دعائیں بھی کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارتی سابقہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی سابقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے 2010 میں ایک دوسرے سے پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد ان دونوں کی مقبولیت دونوں ممالک میں بڑھ گئی تھی۔

تاہم یہ شادی 2023 کے اختتام کے ساتھ ہی طلاق پر ختم ہوگئی، ان کا ایک چھ سالہ بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جو اپنی والدہ کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں شعیب ملک نے اداکارہ ثناء جاوید سے شادی کا اعلان کیا تھا۔