اسرائیل فلسطین کشیدگی، سلامتی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ ختم

اسرائیل فلسطین کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ ہنگامی اجلاس بے نتیجہ رہا، باضابطہ قرارداد پیش نہ ہوسکی، مشترکہ اعلامیہ یا بیان تک جاری نہ ہو سکا۔

امریکا اور اسرائیل کے مطالبے کے باوجود کئی اراکین نے حماس کے حملوں کی مذمت نہیں کی۔

امریکا نے سلامتی کونسل اجلاس میں اتفاق رائے نہ ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق روس نے سلامتی کونسل کے دیگر رکن ملکوں سے اتفاق نہیں کیا۔

روسی سفیر نے کہا کہ اجلاس میں فوری جنگ بندی اور بامعنی مذاکرات پر زور دیا، سلامتی کونسل فلسطین سے متعلق دہائیوں پہلے طے معاہدے پر عمل کرے۔

چین کے سفیر نے کہا کہ یہ غیر معمولی بات ہے کہ سلامتی کونسل نے کچھ نہیں کہا، عام شہریوں کے خلاف کیے گئے تمام حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔