اسرائیل غزہ میں بفر زون کا قیام چاہتا ہے

اسرائیل غزہ میں بفر زون کا قیام چاہتا ہے، اس نے عرب ممالک کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔

مصری اور علاقائی ذرائع نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل چاہتا ہے کہ غزہ اور اسرائیل کے درمیان شمال سے جنوب تک بفر زون ہو۔

ذرائع کے مطابق اسرائیل کے بفر زون کا مقصد ہے کہ حماس اور دیگر عسکریت پسندوں کو اسرائیل میں حملے سے روکا جا سکے۔

اس سے متعلق اسرائیل نے اپنے منصوبے سے مصر، اردن اور متحدہ عرب امارات کو آگاہ کیا ہے۔

اسرائیل کا دنیا بھر میں حماس رہنماؤں کے قتل کا منصوبہ

ذرائع کے مطابق کسی عرب

ریاست نے مستقبل میں غزہ کی پولیس یا انتظامیہ کے لیے آمادگی ظاہر نہیں کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے اپنے منصوبے سے سعودی عرب اور ترکیہ کو بھی آگاہ کر دیا ہے جبکہ مصر، سعودی عرب، قطر اور ترکیہ نے رپورٹ پر ردِعمل سے گریز کیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام نے بھی رپورٹ پر براہِ راست ردِ عمل دینے سے گریز کیا ہے۔

یو اے ای حکام کا کہنا ہے کہ فلسطینی ریاست کے لیے فریقین کے کسی بھی متفقہ انتظامات کی حمایت کریں گے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ اعظم کے خارجہ پالیسی کے مشیر عوفر فالک نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بفر زون کا منصوبہ 3 مراحل پر مشتمل ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بفر زون کے 3 مراحل میں حماس کا خاتمہ، غزہ کو غیر فوجی اور غیر بنیاد پرست بنانا شامل ہے۔