غزہ میں اسرائیل کی زمینی کارروائی خطے کیلئے تباہ کن ہوگی، سعودی عرب کی امریکا کو وارننگ

سعودی عرب نے حالیہ دنوں میں سختی کے ساتھ امریکا کو خبردار کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کے زمینی آپریشن سے مشرق وسطیٰ میں تباہ کن صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی حکام نے سینئر امریکی عہدیداروں کو مختلف اوقات میں ہونے والی بات چیت کے دوران بتا دیا ہے کہ ایسا اقدام خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

بائیڈن انتظامیہ کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایک بات واضح ہے کہ سعودی عرب نہیں چاہتا کہ غزہ میں اسرائیل زمینی کارروائی کرے۔ سعودی حکام نے بھی امریکی ارکان کانگریس کو زمینی جنگ کے حوالے سے وارننگ دی ہے۔

امریکی ریاست کنیکٹیکٹ سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینیٹر اور آرمڈ سروسز کمیٹی کے رکن رچرڈ بلومنتھل کے ساتھ 10؍ امریکی سینیٹرز نے گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی۔